بی جے پی لیڈرنے وزیراعلیٰ کوغیرملکی ایجنٹ بتایا،کہا،دہلی کیلئے خطرناک
نئی دہلی9جولائی(ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا)بی جے پی لیڈر منوج تیواری نے دہلی کے وزیراعلیٰ اروند کجریوال کاموازنہ متھرا سانحہ کے ماسٹر مائنڈ رامورکش یادوسے کیاہے۔منوج تیواری نے یہ نشانہ کجریوال کے مرکز کو غنڈہ بتانے والے بیان کے بعدلگایا ہے۔تیواری نے کہاکہ یہ افسوسناک ہے کہ دہلی کے وزیر اعلیٰ کے عہدے پر ایسے شخص بیٹھے ہیں، جن کے ممبر اسمبلی بیوی کو مارتے ہیں، عورت کوچھیڑتے ہیں، دھوکہ دیتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کیا بھگت سنگھ، راج گرو، سکھدیو ایسے ہی تھے؟۔ منوج تیواری نے کہا کہ کیجریوال نے اپنے ممبران اسمبلی کاموازنہ مجاہد آزادی سے کیا۔کجریوال فوری طور پر معافی مانگیں کیونکہ یہ ہمارے مجاہدین آزادی کی توہین ہے۔منوج تیواری نے کہا کہ متھرا کے رامورکش یادو اور کیجریوال جی میں مماثلت ہے۔کجریوال پورے آئینی انتظامات کے خلاف ہیں۔وزیراعظم جی کو گالی دیتے ہیں۔سی بی آئی کو غنڈہ کہتے ہیں۔پولیس کو گالی دیتے ہیں۔،حکومت کو گالی دیتے ہیں۔منوج تیواری نے کہاکہ کجریوال بار بار کہتے ہیں کہ دہلی بی جے پی نہیں چلنے دے رہی ہے۔یہ ڈرامہ ہے۔منوج تیواری نے کہا کہ اصل یہ ہے کہ کجریوال جی غیر ملکی دشمن کے ایجنٹ ہیں۔ان کا آئینی عہدے پربیٹھنا ملک اور دہلی کیلئے خطرناک ہے۔یہ جس ملک مخالف ایجنڈے سے آئے ہیں، اسی پر چل رہے ہیں۔یہ ملک مخالف لوگ ہیں۔جمعہ کو ساکیت میں عید ملن کے دوران کیجریوال نے کہا تھا کہ انہیں کسی کا خوف نہیں ہے، کیونکہ ان کے ساتھ اللہ ہے۔انہوں نے مزید کہاکہ ہمارے سارے ایم ایل اے مجاہدآزادی ہیں۔یہ روزانہ کسی نہ کسی کو جیل بھیج دیتے ہیں۔میں نے سب سے بول دیا کہ اگر خوف لگے تو استعفیٰ دے دو۔ایک دن تو جیل جائیں گے۔